قوم کو پتہ چل جائے گا کہ شریف برادران کتنے بڑے منافق ہیں، پرویز الہٰی

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ قوم کو جلد پتہ چل جائے گا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کتنے بڑے منافق ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو گجرات کی اینٹی کرپشن عدالت نے عبوری ضمانت میں 23 مئی تک توسیع دے دی۔ اس موقع پر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ محسن نقوی جھوٹ کا پلندہ ہے۔ ایک طرف مذاکرات تو دوسری جانب چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ قوم کو جلد پتہ چل جائے گا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کتنے بڑے منافق ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومتی ایوانوں کا زمینی حقائق سے کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔ ان کا خیال ہے وہ ہمیں ورغلا کر مذاکرات کریں گے اور نشانہ بھی بنائیں گے۔ ہمیں اور ہماری قیادت کو پتہ ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے اب سب کچھ واضح ہو جائے گا۔

 

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خواجہ آصف ن لیگ، نواز اور شہباز شریف کی صحیح نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کل اسمبلی میں اپنی جماعت کا اصل چہرہ دکھایا ہے۔ یہ اللہ کی طرف سےان لوگوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ شریف برادران اور مذاکراتی ٹیم کو دیکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ یہ منافقوں کا ٹولہ ہے جو جھوٹ بول رہا ہے۔