پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی ہمارے ساتھ ہیں اور پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے۔
لاہور زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے، اگر الیکشن پر بات ہوگی تو مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھیں گے، حکومت سنجیدگی دکھائے گی تو مذاکرات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر دفاع پرویز خٹک ’’دفاعی پوزیشن‘‘ پر آگئے
پرویز خٹک نے بتایا کہ کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے، تحریک انصاف ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کے اختلاف نہیں ہیں بلکہ سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبر پختونخوا میں ارکان کی ناراضگی کی خبریں جھوٹی ہیں جبکہ پنجاب میں بھی تمام ارکان عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔