اسلام آباد: پرویز مشروف کو سزائے موت سنانے والی عدالت ختم کرنے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کر دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ 10 نومبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کو ختم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست جمع کروائی گئی۔
سندھ ہائی کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ حافظ عبدالرحمان اور توفیق آصف نے بھی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف مرحوم کو سزائے موت دی تھی۔ خصوصی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ جنوری 2020 میں لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت غیر آئینی قرار دی تھی۔