پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلی کس دن تحلیل ہوگی، ابھی تک تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے بتایا: ’اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ صرف چیئرمین عمران خان کو معلوم ہے اور ان کا مائنڈ کوئی نہیں پڑھ سکتا۔ ہفتے کے روز وہ اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اسمبلیاں کس تاریخ کو تحلیل کرنی ہے یہ صرف عمران خان جانتے ہیں۔‘
پرویز خٹک نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور وہ اپنی کمٹمنٹ پر ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا: ’حکومت سے کیا مذاکرات ہو رہے ہیں یہ میرے علم میں نہیں۔ اس متعلق صرف صدر مملکت عارف علوی بہتر بتا سکتے ہیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات مشروط ہیں۔ الیکشن کی تاریخ پر گفتگو ہونی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو جس گرداب میں پھنسا دیا نکلنے کا راستہ انتخابات ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے متعلق کہا کہ میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں لیکن انہیں دوبارہ سیاست میں آنے کا مشورہ دوں گا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے آج اپنے خطاب میں بتایا ہے کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے جس کے بعد 70 فیصد پاکستان الیکشن کی حالت میں چلا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں جائے گا تو فیصلہ کرنا ہوگا کہ الیکشن کرانے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے ایم این ایز قومی اسمبلی جا کر کہیں گے کہ ہمارے استعفے قبول کیے جائیں، موجودہ صورتِ حال میں الیکشن نہیں کرائے تو ملک میں انتشار بڑھے گا۔