اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، نواز شریف پاکستان علاج کرائیں یا باہر، یہ ان کی صوابدید ہے، چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف پاکستان علاج کرائیں یا باہر، یہ ان کی صوابدید ہے، شقوق و شبہات پیدا کرنے کیلئے مخالفین ایسے سوالات اٹھا رہے ہیں۔
انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف مشرف نہیں، مشرف کے باہر جانے پر مخالفین کی زبانیں بند کیوں ہو جاتی ہیں، نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے، یہیں رہے گا اور سیاست کرے گا۔
نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے، یہیں رہے گا اور سیاست کرے گا
ن لیگی رہنما نے کہا عدالتوں سے متعلق شکایات تھیں، جو بیان کر دیں، دوبارہ شکایات ہوئیں تو دوبارہ بیان کریں گے، انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، اگر سزا معطل ہوئی تو علاج کے لئے باہر جانے کا فیصلہ میاں صاحب خود کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے، اگر ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے تو حکومت دوسرے فریق کا نام بتائے۔