پشاور دھماکا، زخمیوں کی جانیں بچانے کیلیے خون کے عطیات کی اپیل

پشاور پولیس لائن میں مسجد میں دھماکے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال نے لوگوں سے زخمیوں کی جانیں بچانے کیلیے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور پولیس لائن کی مسجد میں دوران نماز دھماکے سے اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق 17 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ان کی جانیں بچانے کیلیے خون کی اشد ضرورت ہے۔

صورتحال کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ اسپتال انتطامیہ نے لوگوں سے زخمیوں کی جانیں بچانے کیلیے لوگوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کردی ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ خون کے عطیات کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسپتال میں آنے والی زخمیوں کی جانیں بچانے کی کوشش کی جاسکے۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ خون کے عطیات دینے کے لیے اسپتال انتظامیہ سے رجوع کریں۔

ترجمان اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، 17 افراد شہید، 60 زخمی

واضح رہے کہ دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ بھی شہید ہوگیا ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔