پشاور کے علاقے کوچی بازارمارکیٹ کے ساتھ گھر میں اچانک آگ لگ گئی، آتشزدگی کی زد میں آکر 2 خواتین سمیت 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں ،اسپتال انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر فوری پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، دو افراد نے موقع پر جان دے دی جبکہ دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر 2 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل کے دوران 2 ریسکیو اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوگئی تھی
جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گھر میں لگی آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں : سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی، دو طالبات جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احمد پور شرقیہ کے علاقے لیاقت پور میں سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں زخمی ہونے والی طالبہ اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے بعد جاں بحق طالبات کی تعداد 2 ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والی اجالا نامی طالبہ برن یونٹ ملتان میں زیر علاج تھی اور چک 2 عباسیہ کی رہائشی تھی، حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
کالج وین میں گیس سلنڈر آتشزدگی واقعے کے بعد 3 نجی کالجز کے پرنسپلز سمیت کالج ایڈمن، وین مالک، ڈرائیور سمیت 8 افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔