پشاور: تیز آندھی اورطوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،طوفانی بارش میں 2افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاورمیں تیزآندھی اور طوفانی بارش سے نظام زندگی بری طرح درہم برہم ہوگیا، گردو نواح میں گرد آلود تیز ہوائوں اور بارش سے مختلف علاقوں میں گھر کی چھت ، اسکول کی دیوار، سائن بورڈ اور درخت گرگئے۔ آندھی کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ چھ سو فیڈر ٹرپ ہونے سے پشاور اندھیرے میں ڈوب گیا۔
پیسکو حکام کے مطابق تیز آندھی سے چھ سو فیڈر بند ہوئے تھے، جن میں سے دو سو پچاس بحال کردئیے گئے جبکہ تین سو پچاس کی مرمت کا کام جاری ہے، انتظامی نا اہلی نے شہر کو مشکل سے دوچار کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ تیز آندھی و طوفان 92 کلو میٹر فی گھنٹہ کے رفتار سے چلی ہےم، آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہونے کا امکان ہے ۔
دوسری جانب اسلام آباداور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز میں بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کے پی کے، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرد آلود ہواؤں کیساتھ بارش جبکہ اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بھی آج بارش کا امکان ہے۔
لاہور،فیصل آباد اور ساہیوال میں کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔