پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا ہے، جس کی دل دہلا دینے والی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے شہید گلفت حسین پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع نجی ہوٹل فردوس میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا ہے، جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاہک ہوٹل پر بیٹھے ہوئے ہیں کہ اچانک ہوٹل ایک زور دار دھماکے سے دہل گیا، اور چھت کی طرف سے دھواں پھیل گیا۔
حیدر آباد میں بزرگ خاتون کا کھلے نالے میں ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ
پولیس حکام نے بتایا کہ ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے ہوٹل کی عمارت کو خاصا نقصان پہنچا، حکام کے مطابق دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ برآمد ہوئے ہیں۔ بی ڈی یو کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے دیگر شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں، اور پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پشاور:فردوس نجی ہوٹل میں ہونے والے دھماکا کی سی سی ٹی وی فوٹیج #Peshawar pic.twitter.com/I1jXpmj8q9
— taifal naveed (@taifalnaveed) January 20, 2024
دوسری طرف ایس ایچ او ہشت نگری نے مقدمے کے لیے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ ہوٹل مالک کے مطابق کچھ دن قبل انھیں بھتے کی کال موصول ہوئی تھی، ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے دھماکا کیا، جائے وقوعہ سے بارودی مواد کے شواہد بھی ملے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک بوتل میں چھپایا گیا تھا۔