فلڈ ریلیف میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو شکست دے دی

فلڈ ریلیف میچ

عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فلڈ ریلیف نمائشی میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو صرف 6 رنز سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کی ٹیم شاندار آغاز کے باوجود 14.4 اوورز میں صرف 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 145 رنز کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم 138 رنز بناسکی اور انہیں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم اور یاسر حمید نے 50 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن پہلی وکٹ گرنے کے بعد وقفے وقفے سے گرتی رہیں، اوپنر کے عالوہ کسی اور بیٹر نے اہم کردار ادا نہیں کیا اور زلمی پورے 15 اوورز بھی نہ کھیل سکی۔

یاسر نے 18 گیندوں پر 35 رنز بنائے اور عبدالرحمان کا شکار ہو گئے، بابر اعظم 23 گیندوں پر 41 رنز بنائے لیکن سعید اجمل نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

معاذ صداقت 2 اور اسرار اللہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لیجنڈز کی جانب سے آفریدی اور رحمان نے تین تین جبکہ اجمل اور حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

145 رنز کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں۔ محمد عرفان نے پہلے ہی اوور میں کامران غلام کو ایک رنز پر آؤٹ کر دیا، اس کے بعد اگلے ہی اوور میں سلمان نے اسی سکور پر عمران فرحت کو آؤٹ کیا۔

محمد حفیظ 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور لیجنڈز کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 6 رنز پر گریں۔

یہ پڑھیں: فلڈ ریلیف چیریٹی میچ کا انعقاد، بابر اعظم کی شائقین سے اسٹیڈیم آنے کی اپیل

اظہر علی اور ہمایوں فرحت نے 29 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن اظہر کے 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ یونس خان بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انضمام نے یاسر حمید کے اوور میں ایک باؤنڈری اور دو زبردست چھکے لگا کر 12 اوورز کے بعد لیجنڈز کو 92-6 تک پہنچا دیا۔ محمود اور انضمام نے جارحانہ اسٹروک کھیل کے ساتھ مقابلہ کو دلچسپ رکھتے ہوئے 50 رنز کی اہم شراکت داری کی۔

آخری اوور میں 22 رنز درکار تھے لیجنڈز صرف چھ رنز سے میچ ہار گئے۔ انضمام 23 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر محمود نے 14 پر 34 رنز جوڑے لیکن ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔

زلمی کی جانب سے عرفان اور بابر اعظم نے دو دو جبکہ سلمان اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لیجنڈز الیون میں انضمام الحق (کپتان)، عمران فرحت، اظہر علی، یونس خان، شاہد آفریدی، اظہر محمود، ہمایوں فرحت، سعید اجمل، وقار یونس، شعیب اختر، عمید آصف، عبدالرحمان، وقار احمد، کامران غلام، نثار احمد، محمد سلمان خان شامل تھے۔

زلمی الیون میں بابر اعظم (کپتان)، معاذ صداقت، محمد حفیظ، یاسر حمید، اسرار اللہ، سلمان خان، اذان آفریدی، محمد عرفان، ذوالفقار بابر، احسان اللہ، عامر برکی، نثار علی، عمران جونیئر، قاسم سعید شامل تھے۔