پالتو کتے نے 4 ہزار ڈالرز نگل لیے، مالک نے کیسے حاصل کیے؟ نا قابل یقین واقعہ

امریکا میں ایک پالتو کتے نے 4 ہزار ڈالر مالیت کے نوٹ کھا لیے لیکن مالک نے یہ رقم حاصل کرنے کے لیے جو طریقہ استعمال کیا اس نے سب کو حیران کر دیا۔

یہ نا قابل یقین واقعہ امریکی شہر پٹسبرگ میں پیش آیا جہاں کے رہائشی کلیٹن لا کے کتے نے اس کے 4 ہزار مالیت کے ڈالر سے بھرا لفافہ نگل لیا لیکن مالک سے اتنا بڑا نقصان برداشت نہ ہوا اور رقم کی وصولی کے لیے اس نے حیران کن اقدام کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کلیٹن لا اور اس کی اہلیہ کیری سے چار ہزار ڈالر کا نقصان برداشت نہ ہو سکا اور اس کی وصولی کے لیے انہوں نے دو دن تک  کتے کی اُلٹیوں اور فضلات سے نوٹوں کو جمع کیا اور پھر اُن کی صفائی کر کے انہیں خشک کیا اور بڑی مشکل سے سیریل نمبر دیکھ کر جوڑا لیکن اس محنت کا انہیں صلہ پوری رقم وصول ہونے کی صورت میں مل گیا۔

مقامی میڈیا کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے جوڑے کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھر پر مزدروں سے باڑ لگوا رہے تھے جن سے چار ہزار ڈالر مزدوری طے ہوئی تھی اور انہوں نے طے شدہ معاوضے کی رقم ایک لفافے میں رکھ کر کچن کاؤنٹر پر چھوڑ دی تھی۔

کیری کے مطابق کام ختم ہونے کے بعد جب وہ مزدوروں کا لفافہ لینے کچن میں واپس آئی تو لفافہ وہاں موجود نہیں تھے جب کہ یہ دیکھ کر وہ دم بخود رہ گئی کہ ان کا پالتو کتا سیسل نوٹوں کو چبا رہا تھا۔

کیری کے مطابق اس نے فوری طور پر اپنے شوہر کو آواز دے کر بلایا اور پھر زمین پر بکھرے پھٹے ہوئے کرنسی نوٹو کو سمیت کر بڑی مشکل سے جوڑا تو وہ صرف 1500 ڈالرز تھے جس کا مطلب تھا کہ کتا 3500 ڈالر کھا چکا تھا۔

جوڑے کے مطابق یہ ہمارے لیے ایک خطیر رقم تھی اس لیے اس کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہم نے دو روز تک انتظار کیا اور اس دوران کُتے کی قے اور فضلے سے نوٹ جمع کرکے انہیں جوڑ کر اپنا نقصان پورا کیا۔