لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کیخلاف لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتاری کوغیرقانونی قرار دے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے گرفتاری کیخلاف لاہور ہائی کورٹ سےرجوع کرلیا ، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عمیر نیازی نے ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی۔
درخواست میں آئی جی پنجاب،سی سی پی اولاہورسمیت دیگر کو فریق بنایا ہے اور مؤقف میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پولیس نےغیر قانونی طور پر حراست میں لیا، پولیس کےپاس کوئی عدالتی فیصلہ نہیں تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ آج ہی درخواست سماعت کے لئے مقرر کرے اور عدالت پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتاری کوغیرقانونی قرار دے۔
یاد رہے توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کوتین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور الیکشن ایکٹ کے تحت پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا چیئرمین پی ٹی آئی پر کرپٹ پریکٹس کا الزام ثابت ہوا الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں اثاثے جان بوجھ کر چھپائے گئے ، توشہ خانہ تحائف سے متعلق غلط بیان دیا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کی بددیانتی ثابت ہوگئی۔