پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست دائر

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، جس میں انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست دائرکردی گئی، درخواست اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی، استدعا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔

خیال رہے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 2 دسمبر کو ہوئے تھے، جس میں چیئرمین سمیت تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔

بعد ازاں تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروادی ہیں اور الیکشن کمیشن سے جلد از جلد پارٹی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 20 روز میں نئے پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔