بانی پی ٹی آئی کی بطور چانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائر

چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی الیکشن

اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی بطورچانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی کو متعدد ای میلز موصول ہوگئی، جس میں نامزدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بطورچانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائرکردی گئی۔

ڈیلی میل نے بتایا کہ یونیورسٹی کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف پٹیشن اور غصے سے بھرپور متعدد ای میلز موصول ہوئی ہیں، جس میں بانی پی ٹی آئی کے چانسلر کی نامزدگی جمع کرانے پرتشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پٹیشن میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کا عوامی اور ذاتی ریکارڈ پریشان کن ہیں، اس کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے، انہوں نے اکثر ایسے خیالات کا اظہار کیا ہے اور ایسے اقدامات کیے ہیں جو انتہا پسندگروہ خاص کر طالبان سے ہم آہنگ تھے۔

پٹیشن میں کہنا تھا کہ وہ ماضی میں طالبان اور اسامہ بن لادن کی حمایت بھی کرچکے ہیں ،بانی پی ٹی آئی نے اسامہ بن لادن کو شہید بھی قرار دیا تھا۔

پٹیشن میں کہا گیاان کو کئی بار بدسلوکی کو فروغ دینے والے بیانات پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، انہوں نے بار بار عصمت دری کے واقعات کے لیے خواتین کے لباس کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

ڈیلی میل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نامزدگی کے خلاف لڑنے والے امیدواروں کا دعویٰ ہے انہیں سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جار ہا ہے۔سوشل میڈیا کا اس طرح کا استعمال تشویشناک ہے۔

پٹیشن میں کہا گیا یونیورسٹی انسانی حقوق کے لیے احترام کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے ، بانی پی ٹی آئی کے اقدار اور ذاتی ریکارڈ یونیورسٹی کے ویژن سے متصادم نظر آتاہے.