کراچی : پٹرول پمپ مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا اور کہا اتنا زیادہ اضافہ عوام پرظلم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس غیر معمولی اضافےکو مسترد کرتے ہیں۔
سیکریٹری اطلاعات پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ عوام پرظلم ہے، ایسےحالات میں کاروبارمشکل ہوگیا۔
یاد رہے گذشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
پیٹرول کی قیمت میں بائیس روپے بیس پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت دو سو باہتر روپے لٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سترہ روپے بیس پیسے اور مٹی کے تیل میں بارہ روپے نوے پیسے فی لٹر اضافہ کیا ، جس سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت دو سو اسی روپے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت دو سو دو روپے تہتر پیسے فی لٹر ہوگئی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت نو روپے اڑسٹھ پیسے بڑھ کر ایک سو چھیانوے روپے اڑسٹھ پیسے فی لیٹر ہوگئی۔