کیریبین جزائر کے ملک ہیٹی میں پیٹرول سے بھرے ٹرک میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کیپ ہیٹن میں پیش آیا جہاں پیٹرول لے جانے والے ٹرک میں زوردار دھماکا ہوا جس کی زد میں آ کر کم از کم 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیراعظم ایریل ہینری نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پوری قوم اس واقعے پر سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے اور متاثرین کی بھرپور مدد کی ہدایت کر دی ہے۔
ایک سول انجینئر ڈیو لاروس نے خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گاڑی چلا رہے تھے کہ انہوں نے ایمبولینسز اور لوگوں کے ہجوم کو سڑک کے قریب دیکھا، کچھ لوگ بالٹیوں میں پیٹرول بھر کر گھر لے جارہے تھے۔
یہ سانحے ایسے وقت میں ہوا جب ہیٹی میں ایندھن کی شدید قلت اور گیس کی بڑھتی ہوئے قیمتوں کے باعث متعدد اسکولز، کاروباری ادارے اور اسپتالوں کو بند کر دیا گیا ہے۔