اسلام آباد: اوگرا کی جانب سے ماہ فروری کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے، گزشتہ ماہ بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے تیار کردہ سمری میں مصنوعات کی قیمتوں میں چار روپے سے دس روپے تک کمی کی سمری تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کے مطابق پ ٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے تک کمی کی سفارش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ہرماہ کے آغاز سے قبل بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت، ملک میں اس کی کھپت اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری حکومت کو ارسال کی جاتی ہے۔
اوگرا کی جانب سے تیارکردہ سمری وزارتِ خزانہ کے سامنے رکھی جاتی ہے اور وہ ملک کی معاشی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں کمی بیشی یا برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں، بعض اوقات یہ فیصلہ اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے برعکس بھی ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ نیا سال شرو ع ہونے سے قبل اوگرا کی جانب سے پیٹرول 9 روپے 50 پیسے سستا کرنے کی تجویز دی گئی تھی ، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 15 روپے کم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
حکومت نے اس سمری کے بعد پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 86 پیسے کی کمی تھی ، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 26 پیسے کی کمی کی تھی ۔مٹی کے تیل کے نرخوں میں 52 پیسے فی لیٹرکمی کر دی گئی تھی۔
اس سے قبل اوگرا کی جانب اضافے کی سمری پیش کی گئی تھی جس کے برعکس عمل کرتے ہوئے حکومت نے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں سعودی حکام کی جانب سے پاکستان کو تین ارب ڈالر ادھار دیئے گئے تھے جبکہ آئندہ تین سال کے لیے ہر سال تین ارب ڈالر کا تیل بھی ادھار دیا گیا تھا جس سے معیشت میں بہتری میں مدد ملی ہے۔