بھارت میں منعقدہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی ایچ ایف کو این او سی کا انتظار

بھارت میں شیڈول ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا لیکن ٹیم بھارت بھجوانے کے لیے حکومت کی جانب سے اب تک این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں منعقعد ہونے والے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، تاہم پی ایچ ایف کو تاحال حکومت کی جانب سے ٹیم بھارت بھجوانے کے لیے این او سی کا انتظار ہے۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کو پڑوسی ملک بھجوانے کے لیے اب تک پی ایچ ایف کو این اوسی جاری نہیں کیا گیا ہے، پی ایچ ایف حکام نے جون کے آغاز میں حکومت سے این او سی کے لیے رابطہ کیا تھا۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک بھارت کے شہر چنائے میں کھیلی جانی ہے، واضح رہے کہ ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔