پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

کراچی : پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے انٹرنیشنل فلائنگ اور سلپ الاؤنسز کی ادائیگی کے معاملے پر جانچ پڑتال کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کو 8 ماہ سے الاؤنسس کی ادائیگیاں نہیں ہوسکی تھی، پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں اور ملازمین کے الاؤنسز کو جانچنے اور ادائیگی کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی ایئروائس مارشل سبحان نذیر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی، کمیٹی فضائی میزبانوں کے ساتھ ملازمین کی او سی ایس سمیت تمام الاؤنسز سے متعلق اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

سفارشات کی روشنی میں ادائیگیاں کی جائیں گی، کمیٹی تمام فضائی میزبانوں کا بیرون ملک جانے والی پروازوں اور ٹھہرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ڈیوٹی اوقات کی اسکروٹنی بھی کرے گی۔

کمیٹی کی تجاویز پر طریقہ کار کے تحت انتظامیہ ادائیگی کرے گی، پی آئی اے کے جنرل منیجر پالیسیز اینڈ کمپیزیشن اطہر حسین کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔