کراچی:عالمی منڈی میں ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا، اب لاہور سے کراچی کادوطرفہ کرایہ چودہ ہزار سےبڑھ کراکتیس ہزارتک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر کے مہنگے ہونے کی وجہ سے ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کیاگیا ، جس کےبعد پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا۔
فضائی ٹکٹوں کی مسلسل اڑان کی وجہ سے عید کے موقع پر مسافروں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے ، لاہور سے کراچی کا کرایہ 14 ہزار سے بڑھ کر 31 ہزار تک تجاوزکرگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے کا لاہور سے کراچی کا دوطرفہ ٹکٹ 31 ہزار روپے سے بڑھ گیا، ائیربلیو کا لاہور سے کراچی کا ٹکٹ 32 ہزار پانچ سو روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ سیرین ائیر کا لاہور سے کراچی کا دو طرفہ کرایہ 39 ہزار پانچ روپے تک پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں : مرمت نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا
دو ماہ ماہ قبل لاہور سے کراچی کا ائیر ٹکٹ 14 ہزار سے 17 ہزار روپے تک میسر تھا جبکہ لاہور سے کراچی ریٹرن ٹکٹ تقریبا 28 ہزار روپے میں میسر تھی۔
دوسری جانب پی آئی اے، ائیربلیو اور سیرین ائیر کی جانب سے اندرون ملک فلائیٹ آپریشن کے لیے طیاروں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔
خیال رہے پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، تین ایئر بس320طیارے گراونڈ ہونے کی وجہ سے آپریشن متاثر ہورہے ہیں، ایئربس 320بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے گراؤنڈ ہے۔