کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے پاکستان سے لندن جانے والے مسافروں کو بڑی خوش خبری سنادی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز محمد صلاح الدین کے مطابق پاکستان سے لندن جانے والے مسافروں کو پی آئی اے کی جانب سے ٹکٹ پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔
پی آئی اے نے لندن جانے والی تمام پروازوں کے ٹکٹ پر 10 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خصوصی رعایت تمام کلاسز (بزنس، اکنامی) پر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج نے پی آئی اے کو ڈیفالٹر لسٹ سے نکال دیا
قومی ایئرلائن کی جانب سے لندن جانے والے مسافروں کو 15 مارچ تک یہ رعایت دی جائے گی، بعد ازاں پی آئی اے کی انتظامیہ اس اسکیم کو جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں سے برطانیہ کے تین بڑے شہروں لندن، مانچسٹر، برمنگھم، کے لیے پروازیں فراہم کی جاتی ہیں۔ قومی ایئرلائن کے ہر مسافر کو 45 گلوگرام تک وزن کی اجازت دی جاتی ہے۔