جدہ: سعودیہ عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کو حج آپریشن کے دوران کارکردگی کے باعث دنیا کی بہترین ائیر لائن کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا اور ایک سال کے دوران پی آئی اے پر ہونے والے جرمانے بھی معاف کردیئے ۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے برادرانہ تعلقات ہیں پی آئی اے کو دو ہزار سترہ کے حج آپریشن میں بھی مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی ، حج آپریشن کے دوران پی آئی اے نے حجاج کرام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پروازوں کو بھی وقت پر روانہ کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جبکہ دیگر ممالک کی ائیر لائن چار سے چھ گھنٹے پروازوں کی روانگی میں تاخیر کا شکار رہیں ۔
پی آئی اے کے چیف حج کوآرڈینیٹر کیپٹن انور عادل نے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ جدہ کے ڈی جی سے سرٹیفکیٹ وصول کیا۔چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل اور چیف ایگزیکٹو آفیسرنے بھی حج آپریشن کے دوران ملازمین کی کارکردگی کو سراہا ۔
اس موقع پر چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ائیر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
جبکہ اے آر وائی نیوز کو بھی یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ دو ہزار چودہ اور پندرہ میں حج آپریشن کی بہترین کوریج کرنے پر اے آر وائی نیوز کے سینئر رپورٹر محمد صلاح الدین کو بھی سعودی ایوی ایشن کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں ۔
اس موقع پر پہ آئی اے کے ڈایریکٹر مارکیٹنگ خرم مشتاق کا کہنا ہے کہ پی آئی نے حج آپریشن کے لیے جدید بوئنگ 777 استعمال کیے اور آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے جلد ہی جدہ کے لیے مزید پروازوں کا آغاز کرے گی جس کے بعد جدہ کے لیے پروازوں کی تعداد 278 ہوجائے گی۔