جدہ سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی ایک اور پرواز تاخیر کا شکار

کراچی : جدہ سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز6 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے، عمرہ زائرین کی بڑی تعداد سمیت سیکڑوں مسافر جدہ ائیر پورٹ پر پریشان بیٹھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی جس کے باعث عمرہ زائرین کی بڑی تعداد سمیت سیکڑوں مسافر جدہ ائیر پورٹ پر پریشان بیٹھے ہیں۔

پریشان مسافروں نے جدہ ائیر پورٹ پر پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی، جدہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو کوئی سہولت فراہم نہی کی گئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 732 کو جدہ کے وقت کے مطابق دس بجے رات کراچی کے لئے روانہ ہونا تھا۔

ذرائع کے مطابق اب جدہ ایئر پورٹ سے پرواز سعودی عرب کے وقت کے مطابق صبح چار بجے روانہ ہو گی، اسٹیشن مینجر جدہ طارق مجید نے بتایا ہے کہ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی پرواز تین کھنٹے تاخیر سے روانہ ھوئی پر واز سعودی وقت کے مطابق رات ایک بجے جدہ پہنچے گی۔