پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کا آپریشن ایک بار پھر بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے آج پی ایس او کو ادائیگیوں میں ڈیفالٹ کرگیا ہے، قومی ایئرلائن نے آج وعدے کے مطابق دس کروڑ کی ادائیگی کرنا تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آپریشن چلانے کے لیے پی ایس او کے ساتھ معاہدہ قومی ایئرلائن نے پھر توڑ دیا ہے۔
پی ایس او آج کے دن صرف سات کروڑ کی ادائیگی کی گئی ہے، ادائیگی میں ڈیفالٹ کے بعد فیول کی فراہمی کسی بھی وقت رک سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا تھا جس کے باعث پی آئی کی 77 پروازیں اڑان نہ بھر سکی تھیں اور فضائی آپریشن مکمل طور پر بند ہوگیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل نے فیول کے پیسے لینے کے باوجود اچانک سپلائی بند کردی جس کے باعث پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اتوار کے روز 52 انٹر نیشنل پروازوں کا شیڈول مرتب کیا گیا تھا جن میں صرف 4 پروازیں روانہ ہوئیں جن میں کینیڈا، چائنا، کوالالمپور اور استبول کی پروازیں شامل تھیں جبکہ اندرون ملک 29 پروازیں شیڈول کی گئی تھیں۔