پی آئی اے کے 2 خراب طیاروں کی مرمت شروع

کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت کے بعد ایئر لائن کے 2 خراب جہازوں کی مرمت شروع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کے خراب جہازوں کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔ سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 کی مرمت شروع کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں طیاروں کی مرمت پر پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔ دونوں طیارے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے ناکارہ کھڑے تھے۔ پی آئی اے انجینیئرز نے طیاروں کا سامان نکال کر دوسرے طیاروں میں لگا دیا تھا۔

ناکارہ طیاروں سے متعلق اے آر وائی نیوز کی خبر پر سی ای او نے نوٹس لیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیاروں کی تزئین کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے عید سے پہلے اڑان بھرنے کے قابل ہوجائیں گے جبکہ دونوں طیاروں کو حج آپریشن کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔