باکمال لوگوں کی لاجواب سروس! کینیڈا سے پاکستان آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز میں پانی ختم ہوگیا جس سے مسافر پریشان ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 784 نے ٹورنٹو کے ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے اڑان بھری اور طیارے میں پانی لوڈ نہیں کیا۔
اڑان بھرنے کے 3 گھنٹے بعد ہی جہاز کے ٹینک میں پانی ختم ہوگیا۔ واش روم جانے کے لیے مسافروں کو مشکلات پیش آئیں۔ فضائی میزبانوں کی جانب سے مسافروں کو منرل واٹر فراہم کیا گیا۔
پی آئی اے کے بوائنگ 777 طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے۔ پینے کا پانی باتھ روم میں استعمال کے لیے دیا گیا جبکہ چائے اور کافی بھی نہیں دی جا سکی۔مسافروں نے 12 سے 13 گھنٹے اذیت میں گزارے۔
ذرائع کے مطابق مسافروں اور فضائی میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔