کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی : شہر میں محرم الحرام کے حفاظتی اقدام کے پیش نظر آج (ہفتے) شام 6 بجے سے 10 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، جو 10محرم الحرام تک لاگو رہے گی۔

سندھ حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق آج 6 بجے سے شروع ہوچکا ہے جو 10 محرم تک جاری رہے گا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بارہ سال سے کم عمر بچے، بزرگ ، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے،ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس سخت کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ پہلے ماہ محرم کی نو اور دس تاریخ کو ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن گزشتہ شب کراچی میں تین مقامات پر موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کرکے دو افراد کو جاں بحق کرنے کے بعد آئی جی سندھ کی جناب سے فوری پر ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔