پنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز، پاکستان نے ابتدا میں 3 وکٹیں گنوا دیں

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نے ابتدا ہی میں تین وکٹیں گنوا دیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنڈی میں کھیلے جا رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پاکستان نے اپنی دو وکٹیں گنوا دیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا۔ چوتھے اوور میں عبداللہ شفیق کو حسن محمود نے ذاکر حسن کے ہاتھوں کیچ کرا کے پہلا نقصان پہنچایا۔ اس وقت پاکستان کا اسکور تین جب کہ عبداللہ دو رنز پر کھیل رہے تھے۔

کپتان شان مسعود بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ بابر اعظم کو تو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ ملا۔ دونوں بڑی وکٹیں شورف الاسلام نے حاصل کیں۔

اس وقت کریز پر صائم ایوب 2 رنز کے ساتھ موجود ہیں جب کہ انہیں نوجوان نائب کپتان سعود شکیل نے جوائن کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 19 رنز ہے۔

اس سے قبل پنڈی میں آج علی الصباح تیز بارش اور میدان کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ 5 گھنٹے تاخیر سے دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوا۔ آج میچ شام 6 بجے تک کھیلا جائے گا جب کہ پہلے روز 48 اوورز کا کھیل ہوگا۔

پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔ کوشش کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کر کے اچھے رنز بنائیں۔

قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جو بطور کپتان ہوم گراؤنڈ پر ان کا پہلا امتحان ہے۔ ٹیم میں نائب کپتان سعود شکیل، بابر اعظم عبداللہ شفیق، صائم ایوب، خرم شہزاد، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں تاہم فائنل الیون میں ایک بھی ریگولر اسپنر ٹیم میں شامل نہیں ہے۔

ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز پنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز پاکستان کپتان شان مسعود اور بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شنتو نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی اور میڈیا سے گفتگو میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرکے جیت کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 سائیکلل کا حصہ ہے جس کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سال فائنل کھیلیں گی۔ پوائنٹ ٹیبل پر بھارت سر فہرست، آسٹریلیا دوسرے نمبر پر جب کہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔