پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: کھانے کے وقفے تک بنگلہ دیش کے 2 وکٹوں پر 134 رنز

پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش نے دو وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا لیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنڈی میں کھیلے جا رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے آج اپنی پہلی اننگ کا آغاز 27 رنز سے کیا اور ابتدا ہی میں دو وکٹیں گنوا دیں۔

کپتان نجم الحسن شنتو کو 16 رنز پر خرم شہزاد نے بولڈ کیا جب کہ ذاکر حسین کو 12 رنز کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کے رضوان کے ہاتھوں قابو کیا۔ مہمان ٹیم کی دونوں وکٹیں 53 کے مجموعی اسکور پر گر چکی تھیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

اس موقع پر اوپنر شادمان اسلام اور نئے آنے والے بلے باز مومن الحق نے محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے لنچ بریک تک مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

پہلے سیشن میں بنگلہ یش نے 107 بنا کر اپنا مجموعی اسکور 134 تک پہنچایا تاہم اسے ابھی بھی اننگ کا خسارہ ختم کرنے کے لیے 314 رنز کی ضرورت ہے۔ اس وقت کریز پر شادمان الاسلام 53 اور مومن الحق 45 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

اس سے قبل گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام سے کچھ وقت قبل پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

سعود شکیل اور محمد رضوان نے دوسرے دن کھیل کا آغاز کیا تھا اور چٹان کی طرح ڈٹے رہ کر پانچویں وکٹ کے لیے 240 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جو ہوم گراؤنڈ پر دوسری بڑی پارٹنر شپ ہے۔

گزشتہ روز 84 اوورز کے کھیل میں پاکستانی بلے بازوں نے 317 رنز جوڑے جب کہ صرف دو وکٹیں گنوائیں۔ نائب کپتان سعود شکیل 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن محمد رضوان 171 رنز کے ساتھ نا قابل شکست واپس لوٹے۔