پائریٹس آف دی کیریبین کی اداکارہ کیرا نائٹلی کو خوفناک وقت کیوں دیکھنا پڑا؟

پائریٹس آف دی کیریبین کی اداکارہ کیرا نائٹلی نے اپنی زندگی میں کافی خوفناک وقت دیکھا ہے، جس کے بارے میں انھوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا۔

کیرا نائٹلی نے 6 سال کی بہت چھوٹی عمر میں شوبز میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔ وہ اسٹار وارز اور بینڈ اٹ لائک بیکہم جیسی بڑی فلموں میں آنے سے پہلے ٹیلی ویژن کے بہت سے پروجیکٹس کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔

18 سال کی عمر میں پائریٹس آف دی کیریبین میں کام کرنے کے بعد انھیں بے پناہ شہرت ملی۔ تاہم جانی ڈیپ کی فلم میں اداکاری کے بعد انھیں کافی عرصے تک تھراپی سے گزرنا پڑا تھا۔

کیرا نائٹلی کا 2018 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر میں ناقابل یقین حد تک خوش قسمت رہی ہوں اور میرا کیریئر ایک ایسی جگہ پر ہے جہاں میں واقعی اس سے لطف اندوز ہورہی ہوں۔

کیرا نائٹلی کے مطابق صرف 18 سال کی عمر میں شہرت حاصل کرنے کے بعد انھیں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ سب میرے لیے بہت خوفناک تھا کیوں کہ میں کم گو تھی۔

انھوں نے کہا کہ اس عمر میں آپ سے غلطیاں بھی ہوجاتی ہیں کیوں کہ یہ خاص طور پر خواتین کے لیے بہت ہی خطرناک عمر ہوتی ہے۔ یہ سب تکلیف دہ تھا لیکن اس نے میرے باقی کیریئر میں میری کافی مدد کی۔

کیرا نے کہا کہ میں اس وقت اپنی شہرت کو ہینڈل کر سکتی ہوں لیکن جس وقت میں چھوٹی عمر میں تھی تو یہ سب اتنا آسان اور بہتر نہیں تھا اور اس دوران مجھے کئی سال تک تھراپی سے گزرنا پڑا تھا تاکہ میں پرسکون رہ سکوں اور شہرت کو ہینڈل کرسکوں۔

پائریٹس آف دی کیریبین: دی کرس آف دی بلیک پرل ہالی وڈ کی بڑی کامیاب فلم تھی جس نے پوری ٹیم کو حیران کر دیا۔ جانی ڈیپ کی فلم نے دنیا بھر میں باکس آفس پر 654 ملین ڈالر کا لائف ٹائم بنز کیا تھا۔