کینیڈا میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتیں

کینیڈا مسافر طیارہ

کینیڈا میں مسافر بردار طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی جوائنٹ ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر نے بتایا کہ ایک انجن والے چھوٹے طیارے نے فورٹ اسمتھ سے اڑان بھری تھی تاہم ٹیک آف کے فوری بعد اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا۔

جس پر ریسکیو آپریشن کے لیے امدادی ٹیمیں بھیجی گئیں اور قصبے کے اسپتال میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے پروٹوکول کو فعال کردیا گیا۔ طیارے کا ملبہ ایک کلومیٹر کی دوری پر مل گیا۔

ریسکیو ٹیم کو طیارے کے ملبے سے 6 لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک شخص کو زندہ بچالیا گیا جس نے حادثے سے قبل جہاز سے چھلانگ لگالی تھی اور زمین پر گرنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔

حادثے کا شکار جہاز چارٹرڈ طیارہ تھا جو کان کنوں کو لے کر کوئلے کی ایک کان کی جانب جا رہا تھا۔ حادثے کے بعد فورٹ اسمتھ سے تمام پروازیں بدھ تک گراؤنڈ کر دی گئیں۔

طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔