وزیر اعلیٰ کے حکم پر سندھ کابینہ ارکان کے سامنے جگ اور گلاس کیوں رکھے گئے؟

کراچی: آج سندھ کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو ارکان نے اپنی نشستوں پر بیٹھتے ہوئے نوٹ کیا کہ میز پر ان کے سامنے منرل واٹر والی پلاسٹک کی بوتلیں نہیں رکھی گئی ہیں بلکہ اس کی جگہ جگ اور گلاس رکھے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت رین ایمرجنسی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ کابینہ کے تمام ارکان کے سامنے جگ اور گلاس رکھے گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ارکان کو بتایا کہ سندھ کابینہ اجلاسوں میں منرل واٹر کی بوتلوں کا استعمال ختم کر دیا گیا ہے، میں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پلاسٹک کی بوتلیں بند کر دی ہیں، اس لیے اجلاس میں تمام شرکا کے سامنے پانی کی بوتل کی جگہ شیشے کے جگ رکھے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک بیگ، بوتلیں اور دیگر اشیا کا استعمال ترک کرنا ہوگا، ہمیں ماحول کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

وادی سندھ کی قدیم تہذیب موہن جو دڑو کے آثار کی مٹی پانی میں بہہ گئی

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو صوبے بھر میں جاری برسات سے متعلق بریفنگ دی گئی، کمشنر سکھر فیاض عباسی نے بتایا کہ سکھر میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، اس کے بعد دادو اور جیکب آباد میں بہت بارشیں ہوئی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ کی بلدیاتی اداروں، ضلع انتظامیہ کو شہروں اور دیہاتوں میں بارش کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں نکاسی آب کی ضرورت ہو وہاں مشینری پہنچائی جائے، عوام کی سہولت کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں، لوگوں کی جان اور مال سب سے زیادہ اہم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی پانی کی بوتل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے اور اہلکاروں کو پینے کے پانی کے لیے جگ اور گلاس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔