لندن: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان واپسی سے قبل ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار میرے ساتھ روانہ ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار میرے ساتھ روانہ ہورہے ہیں۔
اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نیب ریفرنس کی وجہ سے لندن میں اپنا قیام طویل کردیں گے اور وہ وزارت سے استعفیٰ بھی دے دیں گے ۔
پڑھیں: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا لندن میں قیام بڑھانے کا فیصلہ
قومی احتساب بیورو نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اس ضمن میں وفاقی وزیرخزانہ کو احتساب عدالت میں پیش ہوکر مؤقف دینے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تاہم وہ بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
پولیس نے وفاقی وزیرخزانہ کے گھر چھاپہ بھی مارا تاہم لندن میں قیام کی وجہ سے اُن کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
مزید پڑھیں: لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کی ملاقات
یاد رہے نوازشریف کی زیر صدارت لندن میں مسلم لیگ ن کا پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی تاہم سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے شرکت نہیں کی۔