اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے تیز گام ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم عمران نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمو قریشی نے تیزگام ایکسپریس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترعلاج کا بندوبست کرے، حکومت جاں بحق افراد کو معاوضہ ادا کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹرین سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے جاں بحق ہو نے پر پوری قوم افسردہ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرین کےغم میں برابر کےشریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق مسافروں کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 10افراد جاں بحق
واضح رہے کہ آج صبح صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔