اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے:وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے ایجنڈے پر چل رہا ہے، اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے ملک میں اپوزیشن کے حالیہ دھرنے کے تناظر میں کہا ہے کہ ملک کو کسی انتشار کے بجائے یکجہتی کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہورہا ہے، بھارت اپنے ایجنڈے پر چل رہا ہے۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں گجرات جیسے قتل عام کی تیاری کررہی ہے، متنازع افسرگریش چندرا کو کشمیر کا پہلا لیفٹیننٹ گورنر تعینات کردیا گیا۔

کے ایم ایس کے مطابق گریش چندرا2002 میں گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں پیش پیش تھا، گریش چندرا اس وقت گجرات کے وزیراعلیٰ مودی کا پرنسپل سیکریٹری تھا۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آگئی

یاد رہے کہ گذشتہ روز غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر گرفت کی مضبوطی چاہتا ہے، بھارت نے گزشتہ 3 ماہ سے کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے، اب اس نے اسے الگ وفاقی یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ایجنسی کے مطابق بھارت نے پابندیوں کے ساتھ ساتھ اضافی فوجی بھیج رکھے ہیں، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی 9 لاکھ فوجی تعینات ہیں، اب مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنرز کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔