حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روزگار کے مواقعوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکسٹائل صنعت کے متعلقہ مسائل پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، سیکریٹری ٹیکسٹائل افتخار بابر اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو سیکریٹری ٹیکسٹائل ڈویژن نے ٹیکسٹائل سیکٹر لاہور اور کراچی گارمنٹس سٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ روزگار کے مواقعوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، ضروریات کے مد نظر ہنر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

خیال رہے کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 19-2018 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 5 ارب 50 کروڑ 62 لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا گیا۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال 18-2017 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 5 ارب 50 کروڑ 98 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارے کے مطابق برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 1.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 1.21ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔