اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آج شام اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخواہ بھی شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے آج شام اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں پارٹی وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزادار اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان بھی شریک ہوں گے۔
صوبہ پنجاب اور خیبرپختوخواہ نئے بلدیاتی نظام کا قانون اسمبلیوں سے پاس کراچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم کو قانون سازی کے بعد کے اقدامات پربریفنگ دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان بھی آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ القادر یونی ورسٹی تاریخ سے آگاہ کرے گی، یونی ورسٹی میں 35 فی صد بچوں کو مفت اسکالر شپ ملے گی، مستقبل کے لیڈر القادر یونی ورسٹی سے سامنے آئیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکتے ہیں، دنیا کی جدید ٹیکنالوجیز کی طرف قدم بڑھائیں گے، روحانیات کو سپرسائنس بنائیں گے، عبد القادر جیلانی کے نام پر یونی ورسٹی بنا رہے ہیں۔