اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا، اجلاس میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کی حکمت عملی طے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا۔ وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی میں شامل تمام ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کی حکمت عملی طے ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل قومی اسمبلی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا تھا۔ اجلاس میں اہم سیاسی معاملات اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق ترمیمی بل پر مشاورت کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی تھی ، ترمیم میں آرمی چیف کی مدت ملازمت ،توسیع کا طریقہ کار وضع کیا گیا۔