اسلام آباد: حکومت نے آئندہ سال کا سیاحتی و ثقافتی پلان طے کر لیا، جس کے تحت خطے کے تین ہزار سالہ تاریخی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے.
اجلاس میں آئندہ ایک سال کے لئے تقریبات کا پلان طےکیا گیا، ملک بھر میں 15 ثقافتی تقاریب کے انعقاد کا شیڈول وزیراعظم کو پیش کر دیا گیا.
وزیراعظم نے تقریبات، میلوں، ادبی محافل کے انعقاد کی منظوری دے دی، تقریبات سے پاکستان کے3 ہزار سالہ تاریخی ورثے کو اجاگرکیا جائے گا، گلگت بلتستان فیسٹیول، صوفیائے اکرام کےعرس کی تقریبات کی منظوری دی گئی.
اجلاس میں قوالی فیسٹیول، پاکستان کلچرل کارنیول، شندور پولو فیسٹیول، کرتا رپور فیسٹیول، چولستان جیپ ریلی، فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول کی بھی منظوری دی گئی ہے، ساتھ ہی فلم فیسٹیول، جشن اقبال اور فوک فیسٹیول منعقد ہوں گے، مایہ نازگلوکاروں کوخراجِ تحسین پیش کرنےکے لئے خصوصی تقاریب کی بھی منظوری دی گئی ہے.
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، عوام کو معیاری تفریح کے مواقع میسرہوں گے، نوجوان نسل کوقومی ورثے سے متعارف کراتے ہوئے پاکستانیت کو اجاگر کیا جائے.
مزید پڑھیں: حکومت کا ہاکی فیڈریشن کا 3 سال کا فرانزک آڈٹ فوری شروع کرنے کا فیصلہ
وزیر اعظم نے کہا کہ دور افتادہ، ماضی میں عدم توجہ کے شکارعلاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے، تقریبات کا انعقاد مرکز، صوبائی حکومتوں اورضلعی سطح پرکیا جائے گا.
اجلاس میں وزیراطلاعات فواد چوہدری، سیکریٹری اطلاعات شفقت جلیل شریک تھے، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لوک ورثہ، سابق سیکریٹریز،اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی.