وزراء اپنی تمام تر توجہ عام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنے پر لگائیں، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزرا اپنی تمام تر توجہ عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے پر لگائیں۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نئے سال کے آغاز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2019 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کواستحکام ملا ، پاکستان کی معیشت کی استحکام کی پوری دنیامعترف ہے، 2020 میں استحکام معیشت کےثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہےوزرا اپنی توجہ عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے پر کریں، 2020 عوام کا سال ہے۔

یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہے، 2019 بہت مشکل سال گزرا، ہمیں 2019 میں معیشت کے بڑے مسائل تھے، 2020 پاکستان میں خوشحالی، نوکریوں اور شرح نمو میں اضافے کا سال ہے۔