کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے، وزیر اعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر تحقیقاتی کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے ملاقات کی، اس موقع پر  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم نے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیر میں انسانی حقوق پامال کررہا ہے، یواین کمشنر انسانی حقوق بھارتی مظالم پر رپورٹ بھی شائع کرچکے ہیں، وزیراعظم نے اقوام متحدہ قرارداد پر تحقیقاتی کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کامعاملہ بھی اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ مواد سے دنیا بھر میں موجود اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کی صدر سے اس معاملے پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا، اس کے علاوہ وزیراعظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ماریہ فرنینڈا کی محروم طبقے کو بااختیار کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محروم افراد کو بااختیار بنانا ہماری حکومت کے ایجنڈے کا بھی حصہ ہے، انہوں نے نوجوانوں کیلئے روزگار سے متعلق منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں جنرل اسمبلی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے حکومت کے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات، اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی لاکھوں مہاجرین کی مہمان نوازی قابل تعریف ہے۔

اس موقع پر جنرل اسمبلی صدر کو وزیراعظم کی غربت کے خاتمے کیلئے50لاکھ گھر، بلین ٹری منصوبوں اور دیگر حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔