اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھےہوئے ہے، امن عمل میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور افغانستان میں قیام امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس کے علاوہ افغان تنازعے کے ممکنہ سیاسی حل پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے امریکی نمائندہ خصوصی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، امن عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنےاور افغان مسئلے کا دیرپا سیاسی حل جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی کیلئےعملی اقدامات کی ضرورت ہے، امن عمل کو نقصان پہنچانے والے بیانیے کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا، بطور مخلص سہولت کار اور دوست پاکستان ہر ممکن مدد کرے گا، چاہتےہیں افغانستان میں قیام امن کیلئےڈیل کسی حتمی نتیجے پر پہنچے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان امن ڈیل کی جلد تکمیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، افغانستان میں امن واستحکام پاکستان کے قومی مفاد میں ہے، افغانستان اور خطے میں ترقی اور خوشحالی بہترین مفاد میں ہے۔