پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا نظام قبائلیوں کے رہن سہن اور روایات سے متصادم نہیں ہوگا، قبائلی عوام نے دہشت گردی کےخلاف جنگ کے دوران بڑی قربانیاں دیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں عمائدین اور مشران کی بدولت امن برقرار رہا۔
گورنر ہاؤس میں ضلع خیبر کے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دہشت گردی کا شکار قبائلی علاقوں کے حق میں کوئی آواز نہیں بلند کرتا تھا،کوشش ہوگی نئے نظام میں قبائلی روایات اور مزاج کو ملحوظ خاطر رکھا جائے،
قبائلی مشران کی بدولت قیام امن میں کامیاب ہوئے، نیا نظام قبائلی عوام کے رہن سہن، روایات سے متصادم نہیں ہوگا، کوشش ہے کہ نئے نظام سے قبائلی روایات اور طرز زندگی زیادہ متاثر نہ ہو، قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بڑی قربانیاں دیں، نئے نظام میں بھی جرگہ سسٹم کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے پہلی بار ویلج کونسل کا نظام کے پی کے میں شروع کیا تھا، نئے بلدیاتی نظام کے تحت صوبے سےبراہ راست فنڈز گاؤں تک جائیں گے۔
قبائلی علاقوں کی سیٹیں بڑھ جائیں گی، وفاقی وصوبائی اسمبلی میں نمائندگی ملے گی، پنجاب میں بھی ولیج سسٹم لارہے ہیں، اس طرح ترقیاتی فنڈز براہ راست عوام کے پاس جائیں گے۔