اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تغیرات کے خلاف اپنے حصے سے زیادہ کام کر رہا اور اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماحولیاتی تبدیلی کے لئے بجٹ کا گزشتہ حکومتوں سے موازنہ پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کیلئے اور اپنی آنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے اقدام کررہاہے ، ماحولیاتی تبدیلوں سےنمٹنے کیلئےبجٹ میں ساڑھے14.5 ارب مختص کیے۔
Pakistan doing more than it’s share to fight climate change and thinking about its future generations. pic.twitter.com/5pVKahQfsV
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 12, 2021
یاد رہے گذشتہ ہفتے پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی یافتہ ممالک سے کہا تھا کہ وہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو عالمی حدت سے نمٹنے اور ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے فنڈز فراہم کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت معمولی ہے ،قدرتی ماحول میں کاربن اور زہریلی گیسوں کے بڑے پیمانے پر اخراج کے ذمہ دار امیر اور ترقی یافتہ ممالک ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو وافر فنڈز فراہم کریں۔
وزیر اعظم نے ترقی یافتہ ملکوں کو مسلسل اپنی ذمہ داری کا احساس دلانے اور ماحول کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے ممالک کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کی۔