اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج، پولیس اور قوم کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گرد سر اُٹھانے کی کوشش کریں گے تو ریاست ذمہ داری پوری کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈی آئی جی کمپلیکس لورا لائی میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی اور بڑے نقصان سے بچانے پر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے شہیدوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
عمران خان نے کہا کہ لورا لائی میں بزدلانہ کارروائی شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس ہے، ہماری بہادر افواج، پولیس اور قوم کے حوصلے بلند ہیں، پاکستان میں دہشت گردوں، سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، وزیر خارجہ
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی آئی جی کمپلیکس لورا لائی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔
مزید پڑھیں: لورالائی حملہ، ڈی آئی جی کمپلیکس کلیئر، تمام دہشت گرد مارے گئے: آئی ایس پی آر
واضح رہے کہ لورا لائی میں حملے کا واقعہ آج سہ پہر پیش آیا، اس حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے جواں مردی سے مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تین خود کش بمبار نے سہ پہر ڈی آئی جی کے دفترمیں داخلےکی کوشش کی تھی، پولیس اہل کاروں نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کو روکا۔
پولیس نے ایک خودکش بمبارکو ڈی آئی جی کمپلیکس کےداخلی مقام پرمارگرایا، دو خود کش بمباروں نے کمروں میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں تین پولیس اہل کاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوئے، زخمیوں میں 12 پولیس اہل کاراور 9 امیدوار شامل ہیں، زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹرزکے ذریعےسی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا۔