قوم کو یقین دلاتا ہوں قطرسےواپس آکر ساہیوال واقعے کے قصورواروں کوعبرت ناک سزا دی جائے گی،وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قطرسےواپس آکر نہ صرف ساہیوال واقعے کے قصورواروں کوعبرت ناک سزا دی جائے گی بلکہ پنجاب پولیس کے ڈھانچے پر نظرثانی اور اصلاحات کا عمل شروع کیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قطر روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ساہیوال واقعہ پرعوام کا غم وغصہ قابل فہم ہے، میں قوم کو یقین دلاتا ہوں قطر سے واپس آکر نہ صرف  قصورواروں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی بلکہ پنجاب پولیس کےڈھانچے پر نظرثانی اور اصلاحات کاعمل شروع کروں گا۔

یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں، پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے والدین کوگولیاں ماری گئیں، ان بچوں کی تمام تر ذمے داری ریاست اٹھائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف بہت اچھا کام کیا ہے لیکن قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں، جتنی جلدی جے آئی ٹی رپورٹ آئے گی اس پر کارروائی کی جائے گی، شہریوں کی حفاظت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں : ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں، وزیراعظم

یاد رہے کہ ہفتے کے روز ر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے جبکہ سی ٹی ڈی نے متضاد بیان دیا تھا۔

بعد ازاں ساہیوال واقعے پروزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو تحقیقات کرکے واقعے کے ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا اور محکمہ داخلہ پنجاب نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو مثال بنائیں گے، بچوں کی کفالت ریاست کے ذمہ ہوگی، انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔