پاکستان، جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر شنیچی کیتاؤکا کی ملاقات ہوئی۔ جائیکا کے صدر پاکستان کے 4 روزہ دورے پر آئے ہیں۔

ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کو جائیکا کے تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور جاپان کی مضبوط پارٹنر شپ اور تعمیر و ترقی میں تعاون کو سراہا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم سے جنرل مینیجر کوکا کولا آئیسک پاکستان احمد کرساد نے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ سی سی آئی کے پاکستان میں 6 پلانٹس اور 3 ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں جبکہ کمپنی پاکستان میں 20 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔

احمد کرساد نے موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث متعدد ترک کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔