اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 12 ستمبر کو طلب کرلیا ، جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا اور چینی شہریوں کے وزٹ ویزا کو ورک ویزا میں تبدیل کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محرم کے احترام میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 12 ستمبر کو ہوگا ، وفاقی کابینہ 13 نکاتی ایجنڈا پرغور کرے گی ، اجلاس میں قبوضہ کشمیرکی صورتحال،ملکی سیاسی و پارلیمانی امورکاجائزہ لیا جائے گا اور عالمی رہنماؤں سے روابط اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
ہروزارت میں عوامی فلاحی منصوبےشروع میں پیشرفت کا جائزہ اور اقتصادی راہداری اتھارٹی کےقیام سےمتعلق سفارشات کاجائزہ لیا جائے گا جبکہ راہداری منصوبے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائےگی
وفاقی کابینہ چینی شہریوں کے وزٹ ویزا کو ورک ویزا میں تبدیل کرنے کی منظوری دے گی جبکہ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کی منظوری اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسر نو تشکیل کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی کمیٹی کے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کےفیصلوں کی توثیق کی جائے گی ، نئے فضائی لائسنس کی منظوری، ایک لائسنس کی منسوخی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وفاقی کابینہ اپنے گزشتہ فیصلوں پرعملدرآمد کا جائزہ لے گی اور وفاقی کابینہ ریلوےبورڈکے پرائیویٹ ممبران کی تقرری کافیصلہ کرے گی۔
مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ اجلاس: کشمیر سے متعلق عالمی فورمز کا ہر دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ
یاد رہے 3 ستمبر کو ہونے والے وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر عالمی فورمز کا ہر دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ بڑے صنعت کاروں کو ٹیکس معاف کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا اور وزیراعظم نے جی آئی ڈی سی کی مد میں ٹیکس معاف کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے عمرایوب اور ندیم بابرسے تفصیلات طلب کیں تھیں۔
وزیراعظم نے اس ضمن میں میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت مانگ لی اور کہا تھا کہ ٹیکس معافی سےمتعلق ابہام کودورکیا جائے، عوام کو واضح اندازمیں بتایا جائے کہ ٹیکس کیوں معاف کیا گیا۔