اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ایف اےٹی ایف معاملے پراہم اجلاس طلب کرلیا ، جس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شریک ٹیم وزیراعظم کو بریفنگ دے گی، پاکستان کا نام فروری دو ہزاربیس تک گرے لسٹ میں ہی ر ہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فناشنل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نہ نکلنے پر اجلاس اہم طلب کرلیا ہے، اجلاس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شریک ٹیم وزیراعظم کو بریفنگ دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کوایف اےٹی ایف کےحالیہ اجلاس میں پیشرفت پرآگاہ کیا جائے گا، اب تک کن شرائط پر عمل ہوچکا ؟ کن پرمزید کام باقی ہے،بریفنگ دی جائے گی جبکہ ایف اے ٹی ایف شرائط پر عملدرآمد کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کا بھی اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ، اجلاس میں عبدالرزاق داؤد اور حماد اظہر, چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیئرمین سرمایہ کاری شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری سمیت معیشت میں بہتری پر بریفنگ دی جائے گی اور ٹیکس محصولات پرکامیابیوں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : ایف اے ٹی ایف : بھارت کی تمام سازشیں ناکام، پاکستان بلیک لسٹ ہونے سے بچ گیا
یاد رہے 18 اکتوبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا تھا جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش ناکام ہوگئی تھی۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف ) کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی کارکردگی بہتر کی ہے، فی الحال پاکستان کا نام فروری دو ہزاربیس تک گرے لسٹ میں ہی ر ہے گا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر برائے معاشی امور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تمام اہداف مکمل کرنے کا ہدف ہے، پاکستان 2020 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا۔