وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر 14ستمبر کو کراچی آئیں گے

Imran Khan

کراچی : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر 14ستمبر کو کراچی آئیں گے جبکہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے عمران خان کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا، اجلاس وفاقی وزیرفروغ نسیم کے دفترمیں ہوگا۔

اجلاس میں کراچی کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کی جائیں گی جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر 14 ستمبر کو کراچی آئیں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا تھا، جس میں شہر میں صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کراچی کے مسائل کیلئے وزیرقانون فروغ نسیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی تھی ، کمیٹی میں فروغ نسیم، علی زیدی، خسروبختیار، ڈی جی ایف ڈبلیواو اور دیگر ممبران شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم نے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنادی

اجلاس میں وزیراعظم کو کلین کراچی مہم میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جبکہ صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی اور ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگرامور پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، ملک کا مستقبل کراچی سے جڑا ہے ، ماضی کی بدانتظامی، غفلت کا خمیازہ اس شہر کے عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے، یہاں صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ صاف پانی کی قلت اور صفائی کا ناقص انتظام بڑے مسائل ہیں، کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے، چاہتے ہیں شہر کے مسائل حل ہوں اور عوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں۔